پشاور ہائی کورٹ نے ایبٹ آباد پبلک سکول اینڈ کالج کی فیسوں میں اضافہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا

منگل 21 اپریل 2020 21:07

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2020ء) پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے ایبٹ آباد پبلک سکول اینڈ کالج کی فیسوں میں 10 فیصد اضافہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو اضافی فیسیں لینے سے روک دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ کے ڈبل بینچ نے دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ایبٹ آباد پبلک سکول اینڈ کالج کی انتظامیہ کو 10 فیصد اضافی فیس لینے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

اے پی ایس کے بورڈ آف گورنر نے ماہانہ فیسوں میں 10 فیصد اضافہ کا اعلامیہ جاری کیا تھا، انتظامیہ نے 10 فیصد اضافہ کے ساتھ فیسیں وصول کرنا شروع کر دی تھیں۔ زیر تعلیم طلباء کے والدین نے اس فیصلہ کو پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ میں چیلنج کر دیا تھا، عدالت عالیہ نے رٹ پٹیشن سماعت کیلئے منظور کی۔ منگل کو دونوں فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد مذکورہ اضافہ کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے ادارہ کی انتظامیہ کو 10 فیصد اضافی فیسیں لینے سے روک دیا۔ مقدمہ کی سماعت جسٹس احمد علی اور جسٹس شکیل احمد نے کی۔ والدین کی طرف سے مقدمہ کی پیروی کرن ایوب تنولی ایڈووکیٹ نے کی۔