یورپی ائیرلائن کا ابوظہبی سے سستی پروازیں چلانے کا اعلان

وز ائیر کی جانب سے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد اماراتی دارالحکومت سے یورپ کے 5 روٹس پر پروازیں شروع کی جائیں گی، کرایہ 244 درہم ہو گا

muhammad ali محمد علی پیر 4 مئی 2020 23:28

یورپی ائیرلائن کا ابوظہبی سے سستی پروازیں چلانے کا اعلان
ابوظہبی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 مئی 2020ء) یورپی ائیرلائن کا ابوظہبی سے سستی پروازیں چلانے کا اعلان، وز ائیر کی جانب سے فلائٹ آپریشن کی بحالی کے بعد اماراتی دارالحکومت سے یورپ کے 5 روٹس پر پروازیں شروع کی جائیں گی، کرایہ 244 درہم ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ایک یورپی ائیر لائن وز ائیر کی جانب سے متحدہ عرب امارات سے نئی پروازوں کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے۔

وز ائیر حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ جون 2020 سے ابوظہبی سے یورپ کے 5 روٹس پر مسافر پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ابوظہبی سے ان تمام یورپی منازل تک کی پروازوں کا فی کس کرایہ محض 244 درہم ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ وز ائیر ابوظہبی میں باقاعدہ آپریشنز شروع کرنے والی ہے۔ اس حوالے سے اماراتی حکام کیساتھ مارچ کے ماہ میں معاہدہ کر لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وز ائیر ابوظہبی سے ہنگری، رومانیہ، پولینڈ اور بلغاریہ کیلئے پروازیں چلائے گی۔ وز ائیر کی آمد سے متحدہ عرب امارات میں مقیم سیاحت کے شوقین افراد انتہائی کم پیسوں میں یورپ کا سفر کر سکیں گے۔ جبکہ یورپ کے لوگ بھی صرف 244 درہم کرایہ ادا کر کے ابوظہبی آ سکتے ہیں۔ یہاں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان پروازوں کا آغاز اسی صورت ہوگا جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا جائے۔

فی الحال متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس پھیلاو کے باعث کمرشل پروازوں کا آپریشن بند کر رکھا ہے۔ فی الحال امارات سے کوئی کمرشل پرواز آپریٹ نہیں ہو رہی۔ اس وقت اماراتی ائیرلائن صرف خصوصی اور کارگو پروازیں آپریٹ کر رہی ہیں۔ تاہم اتحاد ائیر اور ایمرٹس ائیرلائن صورتحال بہتر ہونے کے بعد جلد سے جلد کمرشل فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔