احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو طلب کرلیا

بدھ 6 مئی 2020 14:28

احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ قیصر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2020ء) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں خواجہ سعد رفیق کیخلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو طلب کرلیا۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب ہوتے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر گواہ پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کی سماعت کی۔

بدھ کو عدالت میں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلیمان رفیق نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔عدالت کے روبرو سب رجسٹرار عزیز بھٹی ٹاؤن عمران صفدر نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی رجسٹریوں کا تمام ریکارڈ پیش کیا۔عدالت نے استفسار کرتے ہوئے پوچھا کہ جو ریکارڈ عزیز بھٹی ٹاؤن سے آیا ہے ان میں سے خواجہ برادران کے نام کی رجسٹری موجود ہے۔

(جاری ہے)

جس پر رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ ریکارڈ میں خواجہ برادران کے نام پر کوئی رجسٹری نہیں ہے۔

عدالت نے تمام رجسٹریوں کا ریکارڈ عدالت کی آڈر شیٹ پر لانے کاحکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیراگون ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 2جون تک ملتوی کردی۔یاد رہے کہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف 31 مئی 2019ء کو ریفرنس دائر کیا گیا جبکہ خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں چار ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی تھی،نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے انسٹھ کروڑ کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔