کرونا جیسے سنگین مسئلے پر بلائے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی حکومت اپوزیشن لڑائی میں مصروف ہیں،رابعہ مظہر

جمعرات 14 مئی 2020 00:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2020ء) منہاج ویمن لیگ ر اولپنڈی کی صدر رابعہ مظہر نے کہا ہے کہ کرونا جیسے سنگین مسئلے پر بلائے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی حکومت اپوزیشن لڑائی میں مصروف ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری کے حکم پراس سال اجتماعی اعتکاف سمیت تمام سرگرمیاں ختم کر کے وسائل لاک ڈائون سے متاثرہ خاندانوں کی مدد پر خرچ ہوں گے،منہاج ویمن لیگ نے راولپنڈی کے سینکڑوں گھرانوں تک ایک ماہ راشن پہنچایا ، یہ سلسلہ لاک ڈائون کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

ان خیالا ت کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی سیکرٹریٹ البلا ل پلازہ چاندنی چوک میںمنعقدہ تنظیمی اجلاس میں ذیلی تنظیمات کی صدور وناظمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔رابعہ مظہر نے کہا کہ ہمارا سیاسی نظام اس قدر گراوٹ کا شکار ہے کہ کرونا جیسے سنگین مسئلے پر بلائے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی حکومت اپوزیشن آپس میں لڑتے رہے ،ان اجلاسوںپر عوام کے ٹیکسوں سے کروڑوں خرچ ہوتے ہیں،ڈاکٹر طاہر القادری نے اس فروسودہ نظام کی اصلاح کی بھرپور کوشش کی لیکن جب دیکھا کہ عوام اور اداروں سمیت کوئی بدلنے کو تیار نہیں تو اس گندی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی ،لاک ڈائون سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کیلئے ملک بھر میں ہماری تنظیمات 25مارچ سے میدان عمل میں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب ڈاکٹر طاہر القادری کے حکم پر سالانہ اجتماعی اعتکاف اور دیگر تمام تنظیمی سرگرمیاں ختم کر کے وسائل لاک ڈائون سے متاثرہ نادار گھرانوں کی مدد پر خرچ کئے جائیں گے ، ضلع راولپنڈی میں ہمارے کارکن منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے پلیٹ فارم سے اب تک پانچ ہزار نادارگھرانوں تک ایک ماہ کاراشن پہنچاء چکے ہیں،اس عظیم کاوش میں ہمارے دیگرفورمز کی طرح منہاج ویمن لیگ نے بھی بھرپور کردار اداکیا ہے ،صرف راولپنڈی شہرمیں ہماری خواتین نے لاکھوں اکٹھے کئے اور لاک ڈائون سے متاثرہ سینکڑوں گھرانوں تک خودان کی دہلیزپر جاکرراشن پہنچایا ، ہماری پوری کوشش ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے ۔