متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی

امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید796 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 22,627 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 مئی 2020 23:26

متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مئی 2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی، امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید796 کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں، اب تک کل 22,627 افراد مہلک وبا سے متاثر ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 796کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں کورونا مریضوں کی مجموعی گنتی 22,627 ہو گئی ہے۔

کورونا کے مزید 4 مریض دم توڑ گئے، اس طرح امارات میں کورونا سے مرنے والوں کی کُل تعداد 214 تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب کورونا سے شفا یاب ہونے والوں کی گنتی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مزید 603 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ۔ مملکت میں کورونا کے مجموعی طور پر 7,931 مریض شفا یاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت صحت کے مطابق امارات میں لاکھوں افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ مملکت میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی گنتی کے پیش نظر اماراتی حکام نے قومی سلامتی سے متعلق ایک نئے قانون کی منظوری دی ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق جو افراد کورونا سے متعلق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں دس لاکھ درہم تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ چھ ماہ تک کی سزا بھی بُھگتنا ہو گی۔ اماراتی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق نیشنل سیفٹی سے متعلق نیا قانون لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی حکومتی مہم کو مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

پبلک پراسیکیوشن نے بتایا کہ اس قانون کا اطلاق تمام قسم کی ہنگامی صورت حال، بحرانی کیفیت اور آفات سے جنم لینے والے حالات پرہو گا، جن کے دوران تمام مقامی اور غیر ملکی افراد کا نیشنل ایمرجنسی ، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے احکامات اور قواعد و ضوابط پر عمل کرنا لازمی ہو گا۔