نئی بھارتی سڑکیں چین کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کی وجہ بنیں، مبصرین

چین کی جانب تقریباً 80 سے 100 ٹینٹ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت کی جانب 60 ٹینٹس لگائے گئے ہیں چین اپنی علاقائی خود مختاری کا تحفظ سمیت چین اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام قائم کرنے کیلئے پر عزم

بدھ 27 مئی 2020 12:18

نئی بھارتی سڑکیں چین کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کی وجہ بنیں، مبصرین
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان ہمالیائی سرحدی تنازع پر کشیدگی بھارت کی نئی سڑکوں اور ہوائی پٹیوں کی تعمیر کی وجہ سے سامنے آئی۔ دونوں اطراف کے فوجی لداخ کی وادی گالوان میں کیمپ کرچکے ہیں اور ایک دوسرے پر متنازع سرحد پار کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔نئی دہلی میں بھارتی حکام نے معاملے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چین کی جانب تقریباً 80 سے 100 ٹینٹ نصب کردیے گئے ہیں جبکہ بھارت کی جانب 60 ٹینٹس لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھا کہ دونوں اپنے دفاع کی تیاری کر رہے ہیں اور چینی ٹرکز علاقے میں آلات کی نقل و حرکت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے آمنا سامنا ہونے کی تشویش بڑھ رہی ہے۔چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’چین اپنی علاقائی خود مختاری کا تحفظ سمیت چین اور بھارت کے سرحدی علاقوں میں امن اور استحکام قائم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو سرحدی علاقوں میں صورتحال مستحکم ہے، سرحدی امور پر بات چیت کے لیے میکانزم موجود ہے اور دونوں اطراف متعلقہ امور ڈائیلاگ اور مشاورت سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :