بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا غیر ملکی کوچوں کی تنخواہوں میں کمی پر غور

بدھ 27 مئی 2020 14:46

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا غیر ملکی کوچوں کی تنخواہوں میں کمی ..
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے غیر ملکی کوچوں کے معاہدوں پر نظرثانی کرنے پر غور شروع کر دیا ہے کیونکہ بورڈ توقع کر رہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے وہ یہ رقم ضائع کریگا۔وبائی امراض کی وجہ سے موجودہ حالات میں پوری دنیا میں تاحال کوئی کھیل اور کام ممکن نہیں ہے۔ زیادہ تر ملازمین کی طرح بنگلہ دیش ٹیم کا غیر ملکی کوچنگ عملہ بھی غیر معینہ مدت تک چھٹی پر ہے۔

مارچ کے شروع میں زمبابوے سیریز کے بعد ، کوچز جو اپنے اپنے ممالک کے لئے روانہ ہوگئے تھے وہ لاک ڈاؤن میں پھنس چکے ہیں اور ہر کوئی اس صورتحال کے معمول پر آنے کے منتظر ہیں تاکہ وہ واپس آکر اپنا کام شروع کرسکیں۔بی سی بی کرکٹ آپریشن کے چیئرمین اکرم خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر پانچ یا چھ ماہ کی محصول ضائع ہوجاتی ہے تو انہیں کوچوں کے معاہدوں پر نظرثانی کرنی پڑسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بی سی بی دوسرے بورڈزکے برعکس تنخواہوں میں کٹوتی کا خواہاں نہیں تھا لیکن چونکہ بحران کی مدت غیر یقینی ہو رہی ہے تو ایسی صورت حال میں جب دفتر دوبارہ شروع ہوا تو کوچوں کے ساتھ بیٹھ کر معاہدے پر نظر ثانی کرنا پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ کے ہیڈ کوچ رسل ڈومنگو، فاسٹ بائولنگ کوچ اوٹس گبسن اور فزیو جولین کالیفاٹو کا معاہدہ سالانہ بنیادوں پر کیا گیا ہے جبکہ سپن بائولنگ کنسلٹنٹ ڈینیئل ویٹوری، بیٹنگ کوچ نیل میکنزی اور فیلڈنگ کوچ ریان کوک کے معاہدے روزانہ کی بنیاد پر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینیئل ویٹوری کا معاہدہ گذشتہ سال 20 اکتوبر کو شروع ہوا تھا اور رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد 15 نومبر تک چلے گا۔ اس ٹائم فریم کے مطابق 2500 امریکی ڈالرز یومیہ کے حساب سے ڈینیئل ویٹوری کو بی سی بی کے لئے مجموعی طور پر 100 دن کام کرنے کا معاہدہ کیا گیا تھا۔اکرم نے مزید کہا کہ حالات سازگار ہونے پر ہمیں غیر ملکی کوچز کے معاہدوں پر نظرثانی کرنی پڑسکتی ہے کیونکہ اگر حالات معمول پر آنے میں پانچ چھ ماہ سے زیارہ کا وقت لگا تو یقینا یہ دیکھنا ہوگا کہ بورڈ اور کوچز دونوں کے مقاصد کی تکمیل کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ڈینیئل ویٹوری بورڈ کو بہت مہنگے پڑ رہے ہیں لہذا ہمیں دیکھنا ہے کہ اس کے ساتھ بھی معاملات کیسے انجام طے پاسکتے ہیں۔بی سی بی کے ایک اور عہدیدار کے مطابق بورڈ کے ساتھ کام کرنے کے دن کے مطابق ویٹوری کو ادائیگی کی جائے گی۔ اس سے زیادہ ادائیگی کا کوئی امکان نہیں ہوگا۔ جن کوچز کے ساتھ یومیہ کے حساب سے معاہدہ کیا گیا ہے صورتحال معمول پر آجانے کے بعد ان کی ضرورت محسوس پڑنے پر ہی ہم ان سے کام لیں گے بصورت دیگر ہم ان سے کام نہیں لیں گے۔

حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا فیصلہ بورڈ کرے گا کہ غیر ملکی کوچز کے ساتھ کرنا ہے۔واضح رہے کہ غیر ملکی کوچز میں ڈومنگو کا معاہدہ اگست 2019ء سے اگست 2021ء تک ہے جبکہ رواں سال جنوری میں شامل ہونے والے کیریبین فاسٹ بائولنگ کوچ اوٹس گبسن کا معاہدہ جنوری 2022ء تک ہے۔ گذشتہ سال اگست میں شامل ہونے والے فزیو جولین کالیفاٹو کا معاہدہ نومبر 2021ء تک ہے جب کہ ٹرینر گذشتہ مارچ میں ٹیم میں شامل ہونے والے نکولس ٹریور لی کا اپریل 2023ء تک معاہدہ ہی.