کورونا لاک ڈائون سے 8 کروڑ 60 لاکھ مزید بچے غربت کا شکار ہوسکتے ہیں،یونیسف

جمعرات 28 مئی 2020 17:15

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور اس کے نتیجے میں لاک ڈائون سے دنیا بھر میں رواں سال مزید 86 ملین (8 کروڑ 60 لاکھ) بچے غربت کا شکار ہوسکتے ہیں۔اس بات کا خدشہ بچوں کے حوالے سے بین الاقوامی ادارے سیو دی چلڈرن اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے 100 ملکوں بارے آبادی ڈیٹا کی بنیاد پر اپنی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا لاک ڈائون سے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی شدید متاثر ہورہے ہیں، صورتحال جاری رہی تو رواں سال کے آخر تک مزید 8 کروڑ 60 لاکھ بچے خط غربت تک پہنچ جائیں گے جس سے ان کی کل تعداد بڑھ کر 672 ملین (67 کروڑ 20 لاکھ) تک پہنچ جائے گی جو 2019 ء کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہوگی، ان میں سے دو تہائی بچے سب صحارن افریقا اور جنوبی ایشیا میں ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچوں کا تعلق یورپ اور وسطی ایشیا سے ہوگا۔