کورونا وائرس نے ایک اور ایئر لائن کو بُرے حالات میں دھکیل دیا

کویت کی سرکاری ایئر لائن نے 1,500 غیر ملکی ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 30 مئی 2020 13:17

کورونا وائرس نے ایک اور ایئر لائن کو بُرے حالات میں دھکیل دیا
کویت(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-30مئی2020ء) کورونا وائرس کی عالمی وبا نے دُنیا بھر کے ممالک کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ خصوصاً بین الاقوامی اور اندرونی پروازوں پر بندش کے باعث ایئر لائنز بُرے حالات سے گزر رہی ہیں۔ کئی ایئر لائنز کا دیوالیہ نکل گیا ہے جبکہ متعدد ایئر لائنز نے بہت سے ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے یا انہیں بغیر تنخواہ چُھٹی دے دی ہے۔

اتحاد ایئر ویز کے بعد اب کویت کی سرکاری ایئر لائن کویت ایئر ویز نے بھی شدید مالی بحران کے باعث پندرہ سو غیر ملکی ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا ارادہ بنا لیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق کویت ایئر ویز کی جانب سے سینکڑوں غیر ملکی ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے لیے اگلے دو ہفتوں میں طریقہ کار تیار کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملازمین کی چھانٹی تمام شعبوں سے کی جائے گی۔

کورونا کے باعث سفری پابندیوں نے کریت کی سرکاری ایئر لائن کو مالی مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ اس وقت کویت ایئر ویز کے ملازمین کی تعداد 7,800 ہے جن میں سے 1,350 کویتی باشندے ہیں۔ کورونا کی عالمی وبا سے قبل کویت ایئر ویز نے رواں سال مزید ایک ہزار افراد بھرتی کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، تاہم معاشی بحران نے کویتی فضائی کمپنی کو مزید افراد کو روزگار فراہم کرنے کی بجائے ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ امارات کی مشہور ایئر لائن اتحاد ائیر ویز نے بھی مختلف شعبوں سے سینکڑوں ملازمین کو فارغ کردیا ہے، جس کی وجہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والا معاشی بحران ہے۔ اتحاد ایئر ویز کے ترجمان نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے ”ہمیں اپنی ورلڈ کلاس ورک فورس پر بے انتہا فخر ہے، تاہم موجودہ کاروباری صورت حال کے پیش نظر مختلف شعبوں میں ملازمین کی تعداد گھٹائی جا رہی ہے۔

کورونا کی وبا کے باعث جہاں ہر کاروباری شعبہ متاثر ہوا ہے، وہیں اتحاد ایئر ویز بھی اس بحران سے محفوظ نہیں رہا ہے۔ موجودہ حالات سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ مستقبل قریب میں بھی فضائی سفر محدود رہے گا، جس کی وجہ سے اتحاد ایئرلائنز کو مجبوراً مشکل فیصلے لیتے ہوئے ملازمین کی تعداد میں کمی کرنی پڑ رہی ہے۔ “ دیگر فضائی کمپنیوں کی طرح اتحاد ایئر ویز کے طیارے بھی کئی ہفتو ں تک گراؤنڈ رہے ہیں۔

تاہم کچھ دنوں سے اس ایئر لائن کی جانب سے ابوظبی ایئرپورٹ سے مسافروں کے لیے خصوصی پروازیں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی اتحاد کی پروازیں مسافروں کو ابو ظبی لا رہی ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق گزشتہ سال اتحاد ایئر لائنز کے ملازمین کی گنتی 20,500 تک پہنچ گئی تھی،  کورونا  کے باعث کاروباری مشکلات کا شکار ہو گئی ہے، اسی وجہ سے فضائی عملے سمیت دیگر شعبوں سے بھی سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کر دی گئی ہیں۔

جس کا مقصد اخراجات میں کمی لا کر تجارتی خسارے پر قابو پانا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں مزید ملازمین کی نوکریاں ختم کی جائیں گی۔ 2016ء سے لے کر اب تک اتحاد ایئر ویز کو 20.5 ارب درہم کا بڑا معاشی خسارہ ہو چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :