اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے انسداد ڈینگی سرویلنس کے طریقہ کار سے آگاہی کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

پیر 1 جون 2020 21:52

فیصل آباد یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) :محکمہ لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشراک سے لوکل گورنمنٹ وکمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے لئے اینڈرائڈ موبائل فونز کے ذریعے انسداد ڈینگی سرویلنس کے طریقہ کار سے آگاہی کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپس میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ہال میں منعقدہوئی۔

ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرویلنس کے سلسلے میں متعلقہ آفیسر وسٹاف ممبر کی اینڈرائڈ موبائل ایپلیکشن سے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈنگ کے طریقہ کار سے آگاہی کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی طرف سے تربیتی سیشن کا انعقاد احسن اقدام ہے جس کی بدولت درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں رہنمائی ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ لوکل گورنمنٹ کے افسران ڈویژن بھر میں سرویلنس سرگرمیوں پرمامور ہیں تاہم تربیتی ورکشاپ کے دوران انہیں مزید سیکھنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس باقاعدگی سے منعقد ہونی چاہیں تاکہ باہمی تبادلوں سے کارکردگی مزید بہتر بنانے میں مدد ملے۔پی آئی ٹی بی کے فوکل پرسن عدنان جمیل نے اینڈرائد موبائل فون ایپلیکشن کے ذریعے ڈینگی سرویلنس کے طریقہ کار بارے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ شرکاء کی طرف سے کئے گئے سوالوں کے بھی مفصل جوابات دیئے۔ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فیصل آباد ضمیر الحسن نے ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ تربیتی سیشن کا مقصد انسداد ڈینگی مہم پر موثر عملدرآمد ہے اور سیشن میں ڈویژن بھر سے ڈپٹی ڈائریکٹرزاور اسسٹنٹ ڈائریکٹرزنے شرکت کی۔انہوں نے پی آئی ٹی بی کے فوکل پرسن کی طرف سے تفصیلی بریفنگ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔