ایل ڈی اے سٹی کو ماڈل رہائشی سکیم کے طور پر ڈیویلپ کیا جائے‘ڈی جی ایل ڈی اے‘ احمد عزیز تارڑ

منگل 2 جون 2020 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) لاہور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ایل ڈی اے سٹی سکیم کے لئے اراضی مہیا کرنے والے ڈویلپمنٹ پارٹنرز کو ہدایت کی ہے کہ سکیم کے پلاٹ مالکان کو جلد از جلد ان کے ملکیتی پلاٹوں کا قبضہ دینے اور اور وہاں جاری ترقیاتی کام تیز کرنے کی خاطر فیز ون جناح سیکٹر کے لئے باقی ماندہ اراضی کا قبضہ جلد از جلد ایل ڈی اے کے حوالے کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایل ڈی اے سٹی کو ایک ماڈل رہائشی سکیم کے طور پر ڈیویلپ کیا جائے اور یہاں بہترین اور معیاری شہری سہولتیں مہیا کی جائیں۔وہ ایل ڈی اے سٹی سکیم کے لیے اراضی کے حصول کی صورتحال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ ایل ڈی اے سٹی فیز ٹو پر بھی کام شروع کر دیا جائے اور فیز ٹو کے لیے حصول اراضی کی خاطر قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کہ ایل ڈی اے سٹی کے پلاٹ مالکان سے ترقیاتی واجبات کی پہلی قسط کی وصولی کی آخری تاریخ 15جون مقرر کی گئی ہے جس میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔اس تاریخ کے بعد پلاٹ مالکان کو 17 فیصد جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔