شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست داد رسی کیلئے ایس ای ایس پی کو بھجوا دی گئی

منگل 2 جون 2020 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست داد رسی کے لئے سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو بھجوا تے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے رمضان شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے گزشتہ ماہ فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

شریف خاندان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے خلاف کیسز نیب میں زیر التوا ہیں، ریفرنس کی وجہ سے نیب نے تمام اثاثے منجمد کر رکھے ہیں، بینک سے قرض کیلئے شیئرز ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ کرانے کی درخواست کی تھی تاہم ایس ای سی پی نیب میں کیسز ہونے کی وجہ شیئرز رجسٹرڈ نہیں کررہا۔ استدعا ہے کہ ایس ای سی پی کو رمضان شوگر ملز کا قرض رجسٹرڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔