لاہور رنگ روڈ کے آخری حصے کی تعمیر کے آغاز کی منظوری دے دی گئی

وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی منظوری دے دی، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور این ایل سی کے درمیان رواں ماہ دستخط ہوں گے، تعمیراتی کام 12 ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا

منگل 2 جون 2020 21:37

لاہور رنگ روڈ کے آخری حصے کی تعمیر کے آغاز کی منظوری دے دی گئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2020ء) لاہور رنگ روڈ کے آخری حصے کی تعمیر کے آغاز کی منظوری دے دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے کی منظوری دے دی، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی اور این ایل سی کے درمیان رواں ماہ دستخط ہوں گے، تعمیراتی کام 12 ماہ کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہوررنگ روڈ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری رائیونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک بنایا جائے گا۔8کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے گا۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری موٹر ویز طرزپر6رویہ تعمیر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ 12ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ سدرن لوپ تھری کا منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف لاہور میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ بیرونی ٹریفک کو بھی سہولت ہوگی۔لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ نیشنل لاجسٹک سیل بنا کر آپریٹ کرے گی۔حکومت پنجاب اوراین ایل سی کے درمیان لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کی تعمیر کے معاہدے پردستخط جون کے دوسرے ہفتے میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس کے دوران لاہور سدرن لوپ فور کے منصوبہ شروع کرنے کی تیاری جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

سدرن لوپ فور کے ذریعے ملتان روڈسے ایم تھری تک لنک کیا جائے گا۔سدرن لوپ فور بننے سے 90کلومیٹر طویل لاہوررنگ روڈ کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ،کمشنر لاہوراوردیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔