کوروناکی وباء نے طویل عرصے سے نظرانداز عدم مساوات کو بے نقاب کر دیا ہے، ہائی کمشنراقوام متحدہ برائے انسانی حقوق

بدھ 3 جون 2020 12:55

کوروناکی وباء نے طویل عرصے سے نظرانداز عدم مساوات کو بے نقاب کر دیا ..
جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے جنیوا میں کہا کہ کمیونٹی پر کوروناکی وباء کے اثرات نے شہریوں کے درمیان وسیع پیمانے پر پائی جانے والی تفریق اور افریقی نژاد افراد سمیت نسلی اور اقلیتی قومیتوں سے روا رکھے جانے والے سلوک کو مزید واضح کردیا ہے، اس سے معاشرے میں پائی جانے والی حیران کن عدم مساوات بے نقاب ہو گئی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اسی طرح کی عدم مساوات نے امریکہ کے سینکڑوں شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاج کو ہوا دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ وباء کے پھیلاؤ سے برازیل ، فرانس ، برطانیہ اور امریکہ سمیت کچھ ممالک میں افریقی نژاد افراد اور نسلی اقلیتوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباء کے نسلی گروہوں اور اقلیتی قومیتوں پر اثرات کے حوالے سے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ہم اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے کیا اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ ممالک کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، جیسے صحت کی نگرانی اور جانچ کو ترجیح دینا ، صحت کی دیکھ بھال کے لیے مواقع میں اضافہ ، اور متاثرہ کمیونٹیز کو طے شدہ معلومات فراہم کرنا۔