شمالی وزیرستان ،گذشتہ روز چھت گرنے سے جاں بحق چھ بچوں کے لواحقین کو فی کس تین تین لاکھ کے امدادی چیکس دیئے گئے

بدھ 3 جون 2020 21:14

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں گذشتہ روز چھت گرنے سے جاں بحق چھ بچوں کے لواحقین کو فی کس تین تین لاکھ کے امدادی چیکس دیئے گئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس کی تیاری کی جارہی ہے ۔شمالی وزیرستان کے مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز شیواہ کے علاقے زیر جان کوٹ میں دینی مدرسے میں درس قران کے دوران چھت گرنے سے جو چھ بچے جاں بحق ہوئے تھے ان کے لواحقین کو صوبائی وزیر برائے ریلیف، تعمیر نو اور ابادکاری اقبال وزیر اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے بغیر کسی تاخیر کے فی کس تین تین لاکھ کے چیکس دئے جبکہ زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ کے چیکس بھی تیاری کے مراحل میں ہیں جو بہت جلد زخمی بچوں کے لواحقین کو حوالے کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اقبال وزیر کا کہنا تھا کہ گوکہ مذکورہ رقم ان بچوں کے نقصان کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں تاہم حکومت نے جاں بجق بچوں کے لواحقین کے درد اور غم کو کم سے کم کرنے کیلئے فوری اقدام کیا جبکہ زخمی بچوں کے والدین کو بھی ایک ایک لاکھ روپے ائندہ ایک دو دن میں دئے جائینگے تاکہ وہ اپنے بچوں کا علاج صحیح طریقے سے کر سکے یاد رہے کہ گذشتہ روز شمالی وزیرستان کے تحصیل شیواہ میں ایک دینی مدرسے کا چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق جبکہ سات بچے زخمی ہوئے تھے۔