پاسلو کے تحت اسٹیل مل کی نجکاری اور ملازمین کی برطرفی کے خلاف پیر کوکراچی پریس کلب پر مظاہرہ ہوگا

حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے ،ْپاسلوملازمین کے حقوق کے لیے آئینی ،جمہوری اور قانونی جدوجہد کرے گی ،ْ عاصم بھٹی کا اجلاس سے خطاب ملازمین اور ٹریڈ یونینز مظاہرے میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر اپنا روزگاراوراسٹیل مل کو بچانے کے لیے تحریک کا ساتھ دیں

جمعہ 5 جون 2020 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2020ء) پاکستان اسٹیل لیبریونین (پاسلو)کا جنرل ورکرز اجلاس جمعہ کوگلشن حدید میں منعقد ہوا جس کی صدارت پاسلو کے صدر عاصم بھٹی نے کی ،اجلاس میں ’’اسٹیل مل بچاؤ ایکشن کمیٹی‘‘کے سربراہ خالد خان ، این ایل ایف کے مرکزی نائب صدر ظفر خان ،پاسلو کے جنرل سکریٹری علی حیدر گبول اور دیگر عہدیداران نے خطاب کیا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیل مل کی نجکاری اور 9ہزار سے زائد ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف پیر8جون کو3بجے دن کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں ادارے کی تمام ٹریڈ یونینز کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سمیت این ایل ایف اور پاسلو کے ذمہ داران خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

عاصم بھٹی نے جنرل ورکرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل مل کے ملازمین ’’روزگار بچاؤ تحریک ‘‘کے لیے جمع ہوں،پاکستان اسٹیل لیبر یونین(پاسلو)ملازمین کے حقوق کے لیے ہر طرح کے آئینی ،جمہوری اور قانونی جدوجہد کرے گی اور ملازمین کو ان کے حقوق دلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ادارے کے ملازمین کسی بھی تحریک کا اہم حصہ ہوتے ہیں ،جماعت اسلامی بھی ملازمین کو حقوق دلانے کے لیے ہمارے شانہ بشانہ ہے ،ملازمین اور ٹریڈ یونینز مظاہرے میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر اپنا روزگاربچانے کے لیے تحریک کا ساتھ دیں۔