خا نیوال، ضلعی انتظامیہ کی ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاریاں مکمل، ریسکیو 22 11 کی فرضی مشقوں کا انعقاد

ہفتہ 6 جون 2020 16:59

خا نیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خانیوال نے ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل کر لیں ۔اس سلسلہ میں ریسکیو 1122کی جانب سیوٹو والی جھال پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ان مشقوں کا معائنہ کیا اسسٹنٹ کمشنر خانیوال شبیر احمد ڈوگر،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 22 11 ڈاکٹر اعجاز انجم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

فرضی مشقوں میں ریسکیو 22 11 کے ساتھ سول ڈیفنس،انہار،صحت،لائیو سٹاک،میونسپل کمیٹی،سوشل ویلفیئر،واپڈا،ہائی ویز اور پولیس کے محکموں نے حصہ لیا۔فرضی مشقوں کے دوران ریسکیو 22 11 کی جانب سے سیلاب میں پھنسے افراد کے ہنگامی انخلاء، ڈوبتے افراد کو طبی امداد کی فراہمی،ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقلی کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے محکموں کی جانب سے لگائے سٹالز اور رجسٹریشن کیمپس،مشینری اور ادویات کے سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرضی مشقوں کا مقصد سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے فرضی مشقوں سے آلات کی جانچ پڑتال،افرادی قوت اور محکموں کے درمیان رابطہ کار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے،، فلڈ فائٹنگ پلان، تیار کرلیا ہے سیلاب کی صورت میں ریلیف کیمپس کے قیام کے لئے بھی حکمت عملی طے کرنے کے ساتھ بلڈنگز کا بھی انتخاب کرلیا گیا ہے متعلقہ محکموں نے اپنی مشینری کی فعالیت بارے سرٹیفکیٹ بھی ڈپٹی کمشنر دفتر جمع کرا دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کو دیہاتی علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔