کرونا وباء کے مضرات سے نمٹنے اور ٹائیگر فورس کو فعال کر نے کیلئے شاہ محمود قریشی سرگرم ، اپنے حلقے میں آغاز کر دیا

ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے مسلسل رابطے نوجوان، تحریک انصاف کا وہ اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر کڑے وقت میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ،مخدوم شاہ محمود قریشی

اتوار 7 جون 2020 14:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2020ء) کرونا وبا کے مضمرات سے نمٹنے اور ٹائیگر فورس کو فعال بنانے کیلئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سرگرم،اپنے حلقے این اے 156 سے کرونا بچاؤ مہم کا آغاز کر ددیا ،وزیر خارجہ نے ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے مسلسل رابطے کئے ،وزیر خارجہ نے ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے ٹائیگر فورس رضاکاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر کے نوجوانوں نے جس طرح سے وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر لبیک کہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ نوجوان، تحریک انصاف کا وہ اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر کڑے وقت میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ،اس وقت پوری قوم کرونا کی صورت میں ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ خوش قسمت ہیں کہ عوام الناس کی خدمت کے ذریعے رمضان کریم کی برکتیں سمیٹنے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا نادر موقع آپ کو میسر آیا ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے ملکر بحیثیت قوم اس عالمی وبا سے لڑنا ہے اور انشاء اللہ اسے شکست دینا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ غریب اور سفید پوش طبقہ جو کرونا وبا اور معاشی سرگرمیاں معطل ہونیکے باعث گھروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ان کا پتہ چلانا اور ان کو رازداری کے ساتھ راشن پہنچانا آپ کی ذمہ داری ہے ،میں اس سارے ریلیف مشن کی خود نگرانی کروں گا ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آپ مجھے قدم قدم پر اپنے ساتھ اس جدوجہد میں مصروف عمل پائیں گے ۔