نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ولی انٹرچینج کے قریب ٹرک سے 15 کلو گرام افیون، 9 کلو گرام چرس برآمد کر لی، ایک ملزم گرفتار

منگل 30 جون 2020 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2020ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق موٹروے پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ ایک مزدا ٹرک TUC886 کے ذریعے منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس نے ٹرک کی تلاش شروع کر دی اور موٹروے ایم ون کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب ٹرک کو تلاش کرکے روکنے کی کوشش کی جس پر ٹرک ڈرائیور رکنے کی بجائے ٹرک سمیت موقع سے بھاگ نکلا لیکن موٹروے پولیس نے ٹرک کا پیچھا کیا اور ولی انٹرچینچ کے قریب ٹرک روک کر ایک ملزم نواب جان کو گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ٹرک کی تلاشی لینے پر ٹرک سے 15 کلو 120 گرام افیون اور 9 کلو 340 گرام چرس برآمد کر لی۔ مزید تفیش کیلئے ملزم کو بمعہ ٹرک اور منشیات پولیس سٹیشن مصری بانڈہ کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔