ساہیوال شہر میں سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت‘ پرائس مجسٹریٹس رمضان المبارک کے بعد غائب ہوگئے

جمعرات 2 جولائی 2020 19:21

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2020ء) ساہیوال شہر میں سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت‘ پرائس مجسٹریٹس رمضان المبارک کے بعد غائب ہوگئے‘ سبزی اور پھل فروش مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کرنے سے گریز کرنے لگے‘ شہری مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ‘کمشنر ساہیوال سے نوٹس لینے کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال شہر اور گردونواح میں سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت ہورہے ہیں جس کا نوٹس نہیں لیاجارہا۔

سبزی اور پھل فروش مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہیں کررہے اور من مرضی سے ریٹ وصول کررہے ہیں ۔ نیا آلو 100روپے ‘ٹینڈے 140‘گھیاتوری 100روپے فی کلوفروخت ہو رہی ہے جبکہ پھلوں میں آلو بخارا ‘آم ‘خوبانی انتہائی مہنگے داموں فروخت ہورہاہے ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کمیٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک میں پرائس مجسٹریٹس ہروقت ڈیوٹی پر تھے جس کے باعث سبزی اور پھل کی قیمتوں پرکنٹرول تھا اب پرائس مجسٹریٹس اپنے محکموں میں واپس چلے گئے ہیں جس کی وجہ سے قیمتوںپر کنٹرول نہیں اور دوکاندار من مرضی کی قیمتیں وصول کررہے ہیں اورشہری مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوںنے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیاہے کہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کیلئے سبزی وفروٹ منڈیوں کے باہر پرائس مجسٹریٹس کی ڈیوٹی لگائی جائے اورصارفین کی شکایات پر فوری نوٹس لیاجائے۔

متعلقہ عنوان :