متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ممالک سفر کی اجازت مل گئی

70 سال سے زائد عمر اور سنگین بیماریوں والے افراد کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی، بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں سفر کی اجازت ملے گی، ملک واپسی پر 14 روز کیلئے قرنطینہ میں جانا ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 جولائی 2020 21:42

متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ممالک سفر کی ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2020ء) متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بیرون ممالک سفر کی اجازت مل گئی، 70 سال سے زائد عمر اور سنگین بیماریوں والے افراد کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی، بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کو کرونا ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں سفر کی اجازت ملے گی۔ خلیج ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اپنے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر عائد سفری پابندیوں میں مزید نرمی کر دی ہے۔



بتایا گیا ہے کہ امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کو بیرون ممالک سفر کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم انہیں اس کیلئے پیشگی شرائط پر بھی عمل کرنا ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ ہر وہ شخص جو امارات سے باہر سفر کرنے کا خواہش مند ہو، اسے کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ جمع کروانے پر ہی سفر کی اجازت ملے گی۔

(جاری ہے)

صحت کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات و احتیاطی تدابیر اور جس ملک کا سفر کرنا ہو، اس کی صحت کے حوالے سے عائد شرائط پر مکمل عمل کرنے کی صورت میں ہی ایک شخص کو بیرون ملک سفر کی اجازت ہوگی۔

جبکہ امارات کی ائیرلائنز جن جن ممالک کیلئے پروازیں چلا رہی ہیں صرف ان ہی ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ 70 سال سے زائد عمر بزرگ اور ایسے افراد جو طویل عرصے سے سنگین بیماریوں میں مبتلا ہوں، انہیں بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ملے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بیرون ممالک جانے والے افراد کو امارات واپسی پر 14 روز کیلئے قرنطینہ میں بھی جانا ہوگا۔