کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو عدالتی اختیارات تفویض کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

ہفتہ 4 جولائی 2020 12:29

کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو عدالتی اختیارات تفویض کرنے کیخلاف لاہور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2020ء) پنجاب حکومت کی جانب سے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو عدالتی اختیارات تفویض کرنے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ ندیم سرور نے دائر درخواست میں پنجاب حکومت اور دیگر کو فریق بنایا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ عدلیہ اور ایگزیکٹو کے اپنے علیحدہ علیحدہ اختیارات ہیں لیکن پنجاب حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مجسٹریٹ کے اختیارات سونپ دئیے، پنجاب حکومت کی طرف سے انتظامی افسران کو عدالتی اختیارات دینے کا یہ نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 2 ،اے اور آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواستگزار نے نشاندہی کی ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق ایگزیکٹو عدلیہ کے اختیارات استعمال نہیں کر سکتی۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ہائیکورٹ پنجاب حکومت کا عدالتی اختیارات سے متعلق سترہ جون کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کا حکم صادر کرے۔