اسوقت پاکستان واحد ٹیم ہے جو بھارت کو اس کے ملک میں ہرا سکتی ہے :بریڈ ہوگ

پاکستانی ٹیم کے پاس بہترین فاسٹ بائولرز،اچھے سپنر موجود، بیٹنگ لائن بھی مضبوط، بھارتی میدانوں سے اچھی طرح واقف ہیں: سابق آسٹریلوی سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 جولائی 2020 15:35

اسوقت پاکستان واحد ٹیم ہے جو بھارت کو اس کے ملک میں ہرا سکتی ہے :بریڈ ..
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جولائی 2020ء ) سابق آسٹریلوی سپنر بریڈ ہوگ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 49 سالہ سابق آسٹریلوی سپنر بریڈ ہوگ سے یوٹیوب چینل پر مداح نے سوال کیا کہ کون سی ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے سکتی ہے جس پر بریڈ ہوگ نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بریڈ ہوگ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس ٹیسٹ میں بہترین فاسٹ بولنگ اٹیک موجود ہے اور کچھ اچھے سپنر بھی موجود ہیں، پاکستان کی بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے اور وہ بھارت کے میدانوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ ان دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے سیاسی تعلقات کی وجہ سے پاکستانی کرکٹر بھارت کا سفر نہیں کرسکتے لہٰذا آسٹریلیا وہ دوسری ٹیم ہے جو ہندوستان کو ہوم گراؤنڈ میں ڈھیر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے پاس ڈیوڈ وارنر، مارنس لبسشین اور سٹیو سمتھ کی صورت میں مضبوط بیٹنگ لائن موجود ہے، ہمارے پاس مضبوط بولنگ اٹیک بھی موجود ہے۔ بریڈ ہوگ نے مزید کہا کہ آئندہ 2 سالوں میں اگر آسٹریلوی ٹیم بھارت کا دورہ کرتی ہے تو وہ اسے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سابق آسٹریلوی سپنر بریڈ ہوگ کا کہنا تھا کہ کرونا کے بعد کرکٹ کو پاکستان اور بھارت کی سیریز درکار ہے، اس سیریز سے بے پناہ دلچسپی پیدا ہوگی، کوہلی اور بابر اعظم میں کون بہتر ہے یہ فیصلہ بھی اس سیریز سے ہوگا، پاک بھارت سیریز کے لیے مداح بھی ترسے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو 4 میچوں کی سیریز کھیلنی چاہئے، جس میں 2 ٹیسٹ پاکستان میں ہوں اور دو ٹیسٹ میچز بھارت میں کرائے جائیں۔