ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے جہاز، گاڑیاں، سپرے اور دوسراضروری سامان خریدنے کے حوالے سے 26 ارب روپے درکار ہیں، سیدفخرامام

یہ رقم نیشنل ایکشن پلان 2 کا حصہ ہے،فصلوں کوبچانے کیلئے وفاقی حکومت چودہ ارب جبکہ صوبائی حکومتیں بارہ ارب جاری کریں گی، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ

جمعہ 10 جولائی 2020 21:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2020ء) وفاقی وزیرِ برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سیدفخرامام نے کہاہے کہ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے جہاز، گاڑیاں، سپرے اور دوسراضروری سامان خریدنے کے حوالے سے چھبیس ارب روپے درکار ہیں۔یہ رقم نیشنل ایکشن پلان 2 کا حصہ ہے۔ان خیالات کا اظہار سید فخر امام نے بروز جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی این ایل سی سی آمد پر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹڈی دل سے فصلوں کوبچانے کیلئے وفاقی حکومت چودہ ارب روپے جبکہ صوبائی حکومتیں بارہ ارب روپے جاری کریں گی۔انہوں نے کہاکہ ٹڈی دل پرقابوپانے کے لئے پاک آرمی،صوبائی حکومتیں،ڈی پی پی،محکمہ موسمیات اور سپارکو کے شکر گزار ہیں۔وفاقی سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق ،عمر حمید نے کہاکہ ورلڈ بینک سے نرم شرائط پرقرضوں کے لئے بات چیت جاری ہے اور یہ بینک پاکستان کوامداد فراہم کریں گے جس کامقصدمختلف اضلاع سے ٹڈی دل کاخاتمہ کرنا ہے۔