سعودی: امراض قلب کا مرکز دنیا بھر میں دل کی روبوٹ سرجری کرنے والے 5 بڑے سینٹرز میں شامل کرلیا گیا

پیر 13 جولائی 2020 22:11

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2020ء) سعودی دارالحکومت ریاض میں قائم امراض قلب کا مرکز دنیا بھر میں دل کی روبوٹ سرجری کرنے والے 5 بڑے سینٹرز میں شامل کرلیا گیا، مرکز میں 105 نہایت نازک اور پیچیدہ آپریشنز کیے گئے جن میں 98.2 فیصد تک کامیابی حاصل ہوئی۔تفصیلات کے مطابق ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال میں امراض قلب کا مرکز دنیا بھر میں دل کی روبوٹ سرجری کرنے والے 5 بڑے سینٹرز میں شامل ہوگیا ہے، سینٹر نے ایک سال کے دوران روبوٹ کے ذریعے دل کے 105 پیچیدہ ترین آپریشن کیے ہیں۔

ان 105 نہایت نازک اور پیچیدہ آپریشنز میں 98.2 فیصد تک کامیابی حاصل ہوئی۔امریکی کمپنی دی ونسی اور دل کے مشکل ترین آپریشنز میں سرجنز کو ٹریننگ دینے والی معاون کمپنی ایم آئی ایس نے اپنی رپورٹ میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہسپتال کے ماتحت امراض قلب کے مرکز کو فہرست میں شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے ماتحت امراض قلب مرکز فروری 2019 سے فروری 2020 کے دوران امریکا میں دل کے امراض اور آپریشن کرنے والے بین الاقوامی اہم مراکز کو پیچھے چھوڑ گیا۔

مذکورہ مرکز میں روبوٹ سرجری کا نظام بڑا منفرد ہے، روبوٹ میں کیمرے سے آراستہ بازو اور جراحتی آلات والے مشینی بازو نصب ہیں۔سرجن روبوٹ کے بازوؤں کو کنٹرول کرتا ہے اور وہ آپریشن ٹیبل کے قریب کمپیوٹر سے مربوط اسکرین کے سامنے بیٹھا ہوتا ہے۔ کنٹرول یونٹ سرجن کو دل کا ہر حصہ تین زاویوں کے ساتھ انتہائی شفاف انداز میں نمایاں کر کے دکھاتا ہے۔امراض و حراجت قلب کے مرکز کے کنسلسٹنٹ ڈاکٹر فراس خلیل کا کہنا ہے کہ روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے 14 سے 80 برس کی عمر والے مریضوں کا ا?پریشن آسانی سے ہوجاتا ہے اور وہ بڑی تیزی سے صحت یاب ہوجاتے ہیں۔