بلوچستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے ،

مستقبل میں بھی صوبے میں شعبہ صحت کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں،لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

منگل 14 جولائی 2020 15:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2020ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے جبکہ مستقبل میں بھی صوبے میں شعبہ صحت کی ضروریات کو پوری کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں فاطمہ جناح چییسٹ اینڈ جنرل ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ کے دورے کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹنٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے کرونا کی صورتحال قابو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز ،طبی عملہ اور متعلقہ اداروں کے اہلکار کورونا میں فرنٹ لائن سولجر کا کردار احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں جن پر ہم سب کو فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ لوگ عید الاضحی پر بھی ایس او پیز کا خیال رکھیں گے۔ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ٹڈی دل جیسے چیلنج سے بھی نمٹنے کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔ اس سے قبل چیرمین این ڈی ایم اے نے فاطمہ جناح چیسٹ اینڈ جنرل ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس کوئٹہ کا تفصیلی دورہ کیا اور کرونا وائرس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور حکومت بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا۔