کرونا سے بچے کے رحم مادر میں بھی متاثر ہونے کے امکان کی تصدیق

بچے پیدائش سے پہلے بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں، مہلک وبا انہیں رحم مادر میں بھی متاثر کرتی ہے: ماہرین

muhammad ali محمد علی بدھ 15 جولائی 2020 19:11

کرونا سے بچے کے رحم مادر میں بھی متاثر ہونے کے امکان کی تصدیق
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15جولائی 2020ء) کرونا سے بچے کے رحم مادر میں بھی متاثر ہونے کے امکان کی تصدیق، ماہرین کا کہنا ہے کہ بچے پیدائش سے پہلے بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں، مہلک وبا انہیں رحم مادر میں بھی متاثر کرتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکی طبی ماہرین کی جانب سے کرونا وائرس سے متعلق ایک تشویش ناک انکشاف کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جو بچے ابھی دنیا میں نہیں آئے، وہ بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

رحم مادر میں بچے پیدائش سے پہلے بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے نئی تحقیق میں تصدیق بھی ہوگئی ہے۔ رحم مادر میں بچے کو کرونا وائرس ہونے کا پہلا ثابت شدہ کیس فرانس میں رپورٹ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہےکہ ایک 23 سالہ حاملہ خاتون کو بخار اور کھانسی کی شکایت پیدا ہونے پر ہسپتال لایا گیا تھا جہاں ٹیسٹ کے ذریعے ان میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں دوران علاج خاتون کے رحم مادر میں موجود بچہ خاصا بے چین پایا گیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے خاتون کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹرز نے آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش کے بعد اسے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کر دیا۔ پیدائش کے بعد بچے کا ٹیسٹ کیا گیا جس سے اس میں کرونا کی تشخیص ہوئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پیدائش کے بعد بچے کی نگرانی کی گئی اور اس کی طبیعت بنا کسی دوا کے خود ہی بہتر ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی کئی نومولود بچوں میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم ان بچوں کے کیس میں یہ معلوم نہ ہو سکا تھا کہ بچے رحم مادر میں کرونا کا شکار ہوئے یا پیدائش کے بعد۔ اب رحم مادر میں ہی بچے کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔