سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مسجد نمرہ میں ’آن لائن فتویٰ سروس‘ متعارف کروا دی

جمعہ 31 جولائی 2020 10:35

مکة المکرمہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے تاریخ میں پہلی مرتبہ میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں آن لائن فتوے کے لیے’روبوٹ ‘ تعینات کردیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد اور حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کے پیش نظر مذہبی استفسارات اور حج فتوے دینے کے لیے مسجد نمرہ میں روبوٹ کا انتظام کیا گیاہے جس سے حجاج فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حجاج سکرین پر سوالات پیش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب مفتیان کی ٹیم ویڈیو لنک کے ذریعے انہیں براہ راست جواب دے رہی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد تجربہ ہے۔ وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ روبوٹ فتویٰ سروس کا انتظام ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال ہے۔ سعودی حکومت نے وبائی ماحول میں حج انتظامات کے تحت روبوٹ کی سہولت مہیا کی ہے۔حجاج اس سہولت سے مطمئن ہیں۔ مسجد نمرہ میں جہاں وہ سماجی فاصلے کے ساتھ عبادت میں مصروف ہیں وہیں مسجد کے مختلف حصوں میں موجود ’آن لائن فتویٰ سروس‘ کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔