سعودی عرب میں کورونا کے 2 لاکھ 40 ہزار مریض صحت یاب

مملکت میں زیر علاج کورونا مریضوں کی گنتی 38 ہزار رہ گئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں 1,357 نئے کیسز سامنے آئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 اگست 2020 09:10

سعودی عرب میں کورونا کے 2 لاکھ 40 ہزار مریض صحت یاب
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے یومیہ کیسز کی گنتی چند روز کے اندر بہت تیزی سے گھٹ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتہ روزانہ 2 ہزار کے قریب یومیہ کیسز رپورٹ ہو رہے تھے، تاہم اب یہ گنتی 13 سو کے قریب سمٹ گئی ہے۔ وزارتِ صحت نے گزشتہ روزکورونا کے1,357 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے جبکہ مزید 2,533 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 2,78835 ہوگئی ہے۔

ایک روز کے دوران کورونا کے مزید 27 مریض وفات پا گئے ہیں اور اب کل اموات کی تعداد 2,917 ہوگئی ہے۔مکہ مکرمہ میں 153 اور الریاض میں94 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ جدہ میں 72 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور صوبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔سعودی عرب میں 2 اگست تک کرونا وائرس کے 2,40081 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور اس وقت فعال کیسوں کی تعداد38 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سے پندرہ سو مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔ اس طرح کووِڈ-19 کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح 88 فی صد ہے۔وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی شعبہ صحت کے لیے لامحدود معاونت اور امداد کی بدولت سعودی عرب اپنے تمام خطوں اور علاقوں میں تحفظ صحت کو یقینی بنا سکا ہے اور تمام ضرورت مندوں کا علاج کیا جاسکا ہے۔

واضح رہے کہ جون میں ہانگ کانگ میں قائم گروپ ڈیپ نالج نے ڈیٹا کے جامع تجزیے کے بعد سعودی عرب کو کرونا وائرس کی وَبا کے خلاف جنگ میں دنیا کے محفوظ ترین بیس ممالک میں شمار کیا تھا۔وہ سترھویں نمبر پر تھا اور وہ کووِڈ-19 کے مریضوں کی صحت و سلامتی کے معاملے میں پہلے زمرے کے ممالک میں شامل تھا۔سعودی عرب نے گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کے نئے تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد میں استحکام کے پیش نظر اس وبا کے خطرے کی سطح کم کردی تھی۔سعودی عرب میں گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس طرح اس وائرس کے خطرے کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔