کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے تیاری کے مراحل سے گزرنے والی ویکسین بندروں میں موثر ثابت، انسانوں پر آزمائش شروع

منگل 4 اگست 2020 20:33

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) معروف کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تیاری کے مراحل سے گزرنے والی ویکسین بندروں میں موثر ثابت ہوئی ہے اور اب انسانوں پر اس کی آزمائش شروع ہوگی۔طبی جریدے جرنل نیچر میں اس ویکسین کی بندروں پر ہونے والی تحقیق کے نتائج جاری کی گئے اور محققین نے دریافت کیا کہ اس کے استعمال سے بندروں کے گروپ کو نئے کورونا وائرس سے تحفظ ملا۔

ویکسی نیشن کے عمل سے گزرنے والے بندروں کے ساتھ ایسے بندروں کو بھی وائرس سے دانستہ طور پر متاثر کیا گیا جن کو یہ ویکسین استعمال نہیں کرائی گئی تھی۔نتائج سے معلوم ہوا کہ ویکسی نیشن کے عمل سے گزرنے والے بندر بیمار نہیں ہوئے مگر دوسرے گروپ میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی،اس سے قبل امریکا کی ہی ایک اور کمپنی موڈرینا نے بھی اپنی ویکسین کی آزمائش کے لیے اسی قسم کی حکمت عملی اختیار کی تھی اور بندروں میں اس کی ویکسین کے نتائج حوصلہ افزا رہے تھے تاہم جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کے حوالے سے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دیگر ویکسینز کے برعکس یہ ویکسین جسے ایڈ 26 کا نام دیا گیا ہے، 2 کی بجائے ایک ڈوز میں بھی موثر ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان محققین کے مطابق اس ویکسین کے ایک ڈوز سے بندروں میں وائرس ناکارہ بنانے والا اینٹی باڈی ردعمل پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سے کلینیکل ٹرائل کی بنیاد کا کام آگے بڑھانے میں مدد ملے گی،اس ویکسین کے اولین 2 مراحل کی آزمائش امریکا اور بیلجیئم میں رواں ہفتے شروع ہورہی ہے۔

متعلقہ عنوان :