پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے خواہش مند خلفائے راشدین سے رہنمائی لیں: منہاج القرآن علماء کونسل

حضرت عثمان غنی ؓ کی زندگی کا جس جہت سے بھی مطالعہ کیا جائے بہترین نمونہ ہی:علامہ رانا محمد ادریس

ہفتہ 8 اگست 2020 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2020ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ دین اسلام کے تیسرے خلیفہ داماد رسول حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے طرز حکومت میں عصر حاضر کے حکمرانوں کیلئے بے شمار رہنمائی ملتی ہے ۔حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے نظام حکومت میں اسلامی شریعت کو فوقیت دی اور ہمیشہ کوشش کی کہ ہر شعبہ حیات میں قرآن و سنت کی تعلیمات کو عملی شکل میں پیش کیا جائے۔

اسلامی تعلیمات و احکامات کاا طلاق سب سے پہلے حاکم وقت پر ہوتا ہے پھر نامزد والیان ،گورنرز،وزرااعلیٰ،وزرا پر ہوتا ہے کہ تاکہ ان اعلیٰ حکام کی سیرت اور قوانین کی پاسداری کا عمل رعایا کیلئے مشعل راہ بنے اور وہ بھی ان قوانین کی پاسداری کریں۔

(جاری ہے)

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کا دور حکومت خلافت راشدہ کے باقی عظیم حکمرانوں کی طرح رہبر و رہنما ہے ،عصر حاضر میں بھی موجودہ حکمران جو کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے خواہش مند ہیں کیا ہی اچھا ہو کہ آج کے حکمران ریاستی اصولوں ،ترجیحات کے تعین اور عدل و انصاف کی فراہمی میں عہد عثمان رضی اللہ عنہ سے رہنمائی لیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پرمنہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقدہ’’فکری نشست‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر،مفتی خلیل حنفی،علامہ عثمان سیالوی،علامہ غلام اصغر صدیقی،علامہ رفیق رندھاوا،علامہ محمد لطیف مدنی ،علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر بھی موجود تھے ۔

فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میر آصف اکبر نے کہاکہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ وہ خوش نصیب ہستی ہیں جن کے عقد میں رسول اکرم ﷺ کی دو بیٹیاں آئی ہیں،اسی لئے آپ کو ذوالنورین بھی پکارا جاتا ہے ۔حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کاطرز حکومت ایک مثالی طرز حکومت ہے جو تا قیامت آنے والوں حکمرانوں کو اصول حکومت مہیا کرتے رہے گا۔حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ اپنی صفات میں امت کیلئے رہبر و رہنماء ہیں آپکی زندگی کا جس جہت سے بھی مطالعہ کیا جائے وہی جہت امت کیلئے بہترین نمونہ ہے۔

حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں اپنے گورنروں اور سپہ سالاروں اور خراج وصول کرنے والوں کو خطوط لکھے جن میں واضح پیغام دیا کہ صرف ٹیکس وصول کرنے والے نہ بنیں بلکہ رفاع عامہ کے کاموں میں مصروف عمل بھی رہیں۔

متعلقہ عنوان :