اظہر علی کو کئی مواقع ملے لیکن فائدہ نہیں اٹھایا: وسیم اکرم شکست پر برہم

پاکستانی کپتان کو کئی مواقع ملے لیکن انہوں نے فائدہ ہی نہ اٹھایا، ہم کاؤنٹی بولرز نہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 اگست 2020 12:41

اظہر علی کو کئی مواقع ملے لیکن فائدہ نہیں اٹھایا: وسیم اکرم شکست پر ..
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اگست 2020ء ) مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان اظہر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہرعلی کو کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے، شکست سے شائقین کرکٹ اور پاکستان ٹیم کو تکلیف ہوئی ہوگی ۔سابق کپتان وسیم اکرم نے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کپتان اظہرعلی کو تنقیدکا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کپتان نے موقع کھو دیا ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک اظہرعلی کی کپتانی کا تعلق ہے انہیں کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھاسکے، جب کرس ووکس بیٹنگ کے لیے آئے تو انہیں سیٹ ہونے دیا گیا نہ باؤنسرز نہ شارٹ بالزکرائے گئے جس کی وجہ سے پارٹنرشپ لگ گئی توکچھ بھی کارآمد نہ رہا اور میچ ہاتھ سے نکل گیا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم قدرتی صلاحیتیوں، غیریقینی اور اٹیک کا نام ہے، ہم کاؤنٹی بولرز نہیں ہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ 17 سالہ نسیم شاہ کی سپیڈ 90 میل فی گھنٹہ اور 20 سالہ شاہین آفریدی کی 88 میل فی گھنٹہ ہے ، صورتحال کچھ بھی ہو انہیں 18،20 اوورز کرنے چاہئیں تھے۔خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دی اور میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا۔ مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔