موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے،مراد سعید

خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب عوام کیلئے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا پی ٹی آئی حکومت کا انقلابی اقدام ہے ،وفاقی وزیر مواصلات،صوبائی وزیر محب الله اور چیئر مین ڈیڈک سوات فضل حکیم کی گفتگو

ہفتہ 29 اگست 2020 21:52

موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے،مراد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2020ء) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید ، صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان اور چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے اور عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کیلئے کوشش کر رہی ہے ، خیبر پختونخوا میں صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریب عوام کیلئے مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا پی ٹی آئی حکومت کا انقلابی اقدام ہے ، صوبے سمیت این اے 4 میں سڑکوں کاجال بچھایا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی سکیموں سمیت بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے عوام کو خاطر خواہ سہولت میسر ہو گی ، این اے 4 میں چار یونیورسٹیاں منظور ہو چکی ہیں اور اس کے ساتھ ایک چلڈرن ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا ،چکدرہ تا فتح پور موٹر وے پر بہت جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، سوات میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سوات کی تحصیل کبل کے مختلف علاقوں کانجو ،کبل میں واٹر سپلائی سکیم اور روڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کارکنوں اور پی ٹی آئی کے قائدین بھی کثیر تعداد میںموجود تھے ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سوات میں ترقی کا سفر جاری رہے گا اور اس ضمن میں یہاں پر مختلف یونیورسٹیاں ، ڈینٹل کالج ، چلڈرن ہسپتال اور دیگر منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کی زندگی بدل جائے گی انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ صوبائی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے جس کے ذریعے غریب عوام کو مفت علاج معالجے کی سہولیات میسر ہو ں گی ۔