موسم سرما میں موسم گرما کی اگیتی سبزیوں کی دستیابی کیلئے کاشتکار ٹنل فارمنگ کو فروغ دیں،چوہدری خالدمحمود

ہفتہ 19 ستمبر 2020 13:19

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹرچوہدری خالدمحمود نے کہا ہے کہ درجہ حرارت کم ہونے اور کورا پڑنے کی وجہ سے موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھیت میں اگانا ممکن نہیں لہٰذاموسم گرما کی اگیتی سبزیوں کی دستیابی کیلئے زمیندار ٹنل فارمنگ کا طریقہ اپنائیں ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے ٹنل کاشت طریقہ کو رواج دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ٹنل میں کاشت کی گئی سبزیوں کی کاشت سے جہاں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے وہیں کاشتکار معاشی طور پر بھی مستحکم ہوتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ روائتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند ، واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیرا ، ٹماٹر، شملہ مرچ، سبز مرچ ، گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، چپن کدو، حلوہ کدو، بینگن ، تربوز اور خربوزہ کی سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبزیوں کو شدید سردیوں کے موسم میں انتہائی نگہداشت کے لیے پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شدید سردی اور کورے کے باوجود ان سبزیوں کے پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس کے باعث یہ جلد تیار اور اچھے داموں میں فروخت ہوتی ہیںجس سے کاشتکاروں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پڑھے لکھے نوجوان کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹنل فارمنگ پر مکمل دسترس کے لیے عملی تربیت حاصل کریں۔انہوں نے ٹنل کے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ ٹماٹر ، شملہ مرچ ، سبزمرچ اور بینگن کی نرسری کی کاشت ستمبر کے آخر تک اور کھیرا ،گھیا کدو ، گھیا توری ، کریلہ ، حلوہ کدو ، چپن کدو ، خربوزہ اور تربوز کی براہ راست کاشت نومبر کے آخرتک مکمل کرلیں۔

متعلقہ عنوان :