چھوٹے کاروبار اپنے حجم کو بڑا کرنے پر توجہ دیں‘ عرفان اقبال شیخ

لاہور چیمبر تاجر برادری کے بہترین مفاد میں اٹھائے جانے والے ہر اقدام کا مثبت جواب دیتا رہے گا‘صدرلاہورچیمبر

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:30

چھوٹے کاروبار اپنے حجم کو بڑا کرنے پر توجہ دیں‘ عرفان اقبال شیخ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2020ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہاہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ٹرانسفرمیشن پر توجہ مرکوز کرکے آمدنی میں اضافے پر مشکل سے توجہ دیتے ہیں،اس کے بجائے وہ روزانہ کے معاملات سنبھالنے میں مصروف رہتے ہیں اور ادارے کی کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے سکتے جو کامیابی کی اصل کنجی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے لاہور چیمبر میں ’’2020 میں بزنس ٹرانسفارمیشن‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار میں کیا ۔ یہ سیمینار لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے وومن ایمپاورمنٹ کے زیر اہتمام ہوا۔

(جاری ہے)

صد ر لاہور چیمبر نے کہا کہ ان عوامل کا وسیع پیمانے پر مینجمنٹ کورسز کے تحت احاطہ کیا گیا ہے جس پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیمینار کا مقصد کاروباری افراد کواداروں کے اہداف کا تعین کرنے کی تربیت دینا ہے اور ساتھ ہی مالی اہداف کے حصول کے لئے کاروباری ایس او پیز کو ہموار کرنے میں ان کی اہلیت کو بڑھانا ہے ۔عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ سیمینار کا مقصد شرکا کی رہنمائی کرنا ہے کہ وہ اپنی کمپنیوں میں مینجمنٹ کے ٹھوس نظام کو کس طرح یقینی بناسکتے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ لاہور چیمبر تاجر برادری کے بہترین مفاد میں اٹھائے جانے والے ہر اقدام کا مثبت جواب دیتا رہے گا۔لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی ممبر اور ویمن ایمپاورمنٹ سے متعلق اسٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر عظمی شاہد نے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد لاہور چیمبر کے ممبران کو اپنے کاروبار اوراداروں کو موثر طریقے سے استوار کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے۔عبدالرحمن عارف نے بزنس کی ترقی اور پیداواری صلاحیت میں بہتری کے طریقوں کے بارے میں بات کی۔ عثمان برکات نے محصولات میں اضافے اور سپلائی چین کے اہم طریقوں کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔