کوئٹہ،جعلی عطائی ڈاکٹروں کا شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا معمول بن گیا

نجی ہسپتال میں ڈلیوری کے دوران ماں اور بچہ دونوں جاں بحق

پیر 21 ستمبر 2020 22:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) جعلی عطائی ڈاکٹروں کا شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا معمول بن گیا۔ نجی ہسپتالوں میں عطائی ڈاکٹرز کے غفلت کی انتہا، جعلی ہسپتال اور عطائی ڈاکٹر موت بانٹنے میں مصروف، کوئٹہ کے نجی ہسپتال میں ڈلیوری کے دوران ماں اور بچہ دونوں جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے نجی جیلانی ہسپتال میں عطائی ڈاکٹروں کے غفلت کی وجہ سے ڈلیوری کے دوران ماں اور بچہ دونوں جاں بحق ہوگیا۔

اس واقع پر سماجی کارکن کاشف حیدری نے گہرے دکھ کا اظہار اور ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں جعلی عطائی ڈاکٹروں کا شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنا معمول بن گیا ہیں۔ آئے روز نجی ہسپتالوں میں جعلی عطائی ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث قمیتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے جو کہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ کچھ عرصہ قبل بھی شہر کے جانے مانے ہارٹ ہسپتال میں نومولود بچے کو پیدا ہونے سے قبل ہی جعلی عطائی ڈاکٹروں نے اوزاروں سے بچے کے سر کو زخمی کردیا اور نومولود بچہ دنیا میں آنے سے قبل ہی جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث عوام نجی ہسپتالوں کا رخ کرتے ہیں جہاں انہیں لوٹنے کے ساتھ ساتھ جعلی عطائی ڈاکٹروں کا انکی زندگیوں کے ساتھ کھیلنا بھی معمول بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہیلتھ سٹرکچرز مریض کو زندگی کی طرف لے جانے کی بجائے موت کی دہلیزتک پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ گلی کوچوں میں قائم غیر قانونی اور بغیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز اور کلینکس میں بھی جعلی عطائی ڈاکٹروں کی بھرمار ہیں جہاں روزانہ سینکڑوں مریضوں کی زندگیاں جعلی خطرے میں ڈالی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا کوئٹہ کے نواحی علاقوں میں غیر قانونی میڈیکل اسٹور عطائی ڈاکٹروں ،ڈینٹل کلینکس اور غیر قانونی ہسپتالوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے جبکہ موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میڈیکل اسٹورز اور عطائی ڈاکٹرز عوام سے پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں جعلی اور غیر قانونی میڈیکل اسٹورز، عطائی ڈاکٹروں، ڈینٹل کلینکس اور غیر قانونی ہسپتالوں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ بند ہوسکے۔