احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت 20اکتوبر تک ملتوی کردی

منگل 22 ستمبر 2020 19:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت 20اکتوبر تک ملتوی کردی ۔منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی ضمنی ریفرنس پر سماعت کی ۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے عبداللہ خاقان عباسی عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب سے غیر ملکی ملزمان کو سمن کی تعمیلی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کر لی .نیب نے غیر ملکی ملزمان سے متعلق رپورٹ کے لئے تین ہفتے کی مہلت مانگی ۔

شاہد خاقان عباسی کے وکیل بیرسٹر ظفراللہ نے عدالت کو بتایا کہ غیر ملکی ملزمان سے متعلق وقت زیادہ لگ سکتا ہے ہماری استدعا ہے کہ آئندہ تاریخ کے لئے زیادہ وقت دیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ زیادہ لمبی تاریخ نہیں رکھ سکتے شائد آئندہ سماعت پر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ جاری کرنا پڑیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ تمام ملزمان کو ضمنی ریفرنس کی نقول آج کی فراہم کی جائیں عدالت میں دو غیر ملکی ملزمان پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ۔

جس پر نیب نے عدالت کو بتایا کہ غیر ملکی ملزمان کی کمپنیوں کے نام نوٹس بھیجے گئے تھے ابھی تک دفتر خارجہ سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک غیر ملکی کمپنیوں کو سمن کی تعمیلی رپورٹ نہیں آتی فرد جرم عائد نہیں ہو گی ۔عدالت نے کیس کی سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔