سموگ پر قابو پانے کیلئے پنجاب بھر کے بھٹی7نومبر سے31دسمبر تک بند رکھنے کا حکم

بدھ 23 ستمبر 2020 13:43

سموگ پر قابو پانے کیلئے پنجاب بھر کے بھٹی7نومبر سے31دسمبر تک بند رکھنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ پر بروقت قابو نہ پانے کے خلاف درخواست پر موسم سرما کے محدود مدت کے دوران اینٹوں کے بھٹوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر کے اینٹیں بنانے والے بھٹے 7 نومبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی درخواست پر تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا،درخواست میں سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی تھی، تحریری فیصلہ میں بتایا گیا کہ بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے از خود بھٹے بند کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، عدالت نے حکم دیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اور فضائی آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے،عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ سموگ کے تدارک کیلئے اینٹی سموگ ٹاورز لگانے پر مشاورت کی جائے، عدالت نے ہدایت کی کہ اینٹی سموگ ٹاورز کو لگانے کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے اور سموگ کے تدارک کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔