لاہور ہائیکورٹ نے فیسوں کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو سکولوں سے بے دخلی سے روک دیا

جمعہ 25 ستمبر 2020 17:30

لاہور ہائیکورٹ نے فیسوں کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو سکولوں سے بے دخلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیسوں کی عدم ادائیگی پر نجی سکولوں سے بچوں کے اخراج کیخلاف دائر درخواست پر نجی سکولز کو بروقت فیس جمع نہ کرانے والے طلبہ کو سکولوں سے بے دخلی سے روک دیا اور ہدایت کی کہ تمام بچے معمول کے مطابق سکول جا کر تعلیم جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے والدین کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں فیس کی عدم ادائیگی پر بچوں کیخلاف کارروائی کو چیلنج کیا گیا، عدالت نے حکم دیا کہ کسی بچے کو فیس کی عدم ادائیگی پر سکول سے نکالا گیا تو سکولز انتظامیہ کو طلب کیا جائے گا، درخواستوں میں نشاندہی کی گئی کہ پرائیویٹ سکولز کورونا میں فیسوں کی عدم ادائیگی پر بچوں کو نکال رہے ہیں اور غیر قانونی اضافی فیسیں وصول کیں، والدین کے وکلا ء نے بتایا کہ عدالت نے پانچ فیصد اضافہ کی اجازت دی لیکن سکولز انتظامیہ من مانی فیسیں وصول کر رہے ہیں۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔