حکومت کے ترجمان وزراء پریشانی اور افراتفری کا شکار ہے ، حافظ حسین احمد

جس قسم کے بیانات دے رہے ہیں اس سے اپوزیشن کا کام اور بھی آسان ہوگیا ہے اب تک معاملہ اپوزیشن نے شروع نہیں کیا تھا لیکن یہ قبل از مرگ واویلا فطری بات ہے،رہنما جمعیت علمائے اسلام پاکستان شیخ رشید نیازی کابینہ کے رکن ہونے کے ناطے اس انداز میںہتھیار ڈالے ہیں اس انداز میں نیازی پلاٹون نے میدان جنگ میں ہتھیار ڈالے تھے ، گفتگو

پیر 28 ستمبر 2020 23:02

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 ستمبر2020ء) حکومت کے ترجمان وزراء پریشانی اور افراتفری میں جس قسم کے بیانات دے رہے ہیں اس سے اپوزیشن کا کام اور بھی آسان ہوگیا ہے اب تک معاملہ اپوزیشن نے شروع نہیں کیا تھا لیکن یہ قبل از مرگ واویلا فطری بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمیعت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے میڈیا سیل سے ٹیلی فونک گفتگو میں کیا انہوں نے کہا کہ جو کام اب تک اپوزیشن نہیں کر سکی وہ کام صرف ایک رشید احمد نے کر دکھایا اس وقت جو معاملہ بگڑا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری شیخ رشید پر عائد ہوتی ہے حساس ادارے اور وہ لوگ جو اس قسم کی معلومات پبلک کرنے کے لیے ماضی میں شیخ رشید کو استعمال کرتے تھے وہ اب بھی شیخ رشید کو استعمال کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن یا دوسرے کسی بھی سیاستدان نے فوجی جرنیلوں سے ملاقات نہ کرنے کا حلف نہیں اٹھایا بلکہ ملاقات کرنے والے دوسرے فریق نے سیاست نہ کرنے کا حلف اٹھایا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ بظاہر شیخ رشید اور ان کے ہمنوا اپوزیشن پر سنگ باری کر رہے ہیں لیکن وہ یہ بھول رہے ہیں کہ وہ خود شیشے کے گھر میں بیٹھے ہیں سب سے پہلے پتھرسے ہی ان کا آشیانہ چکنا چور ہو گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شیخ رشید نیازی کابینہ کے رکن ہونے کے ناطے اس انداز میںہتھیار ڈالے ہیں اس انداز میں نیازی پلاٹون نے میدان جنگ میں ہتھیار ڈالے تھے ۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ میری طرف سے کسی بھی ٹی وی چینل پر کسی بھی وقت مناظرے کا چیلنج بھی برقرار ہے تمام چینلز کو میری درخواست ہے کہ شیخ رشید کی آمد سے قبل ہمیں مطلع کریں تاکہ ہم بھی حاضر ہو سکیں اگر وہ اس کے لئے تیار نہیں ہے تو ہم نیا پلان جاری کریں گے جس سے شیخ رشید کا راہ فرار ہونا ناممکن ہوجائیگا۔