حکومت حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے،دو سالہ دور حکومت کے دوران 9 قومی پارکس کا اضافہ کیا گیا ہے، پاکستان میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی، 2 ہزار کلومیٹر ساحلی پٹی ،الپائن کلائمٹ زون اور گرم خطے موجود ہیں ، وزیراعظم پاکستان عمران خان کا اقوام متحدہ کے بائیوڈائیورسٹی لیڈر ورچوئل سمٹ سے خطاب

جمعرات 1 اکتوبر 2020 00:56

اقوام متحدہ ۔ 30 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2020ء) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، نباتیہ و حیوانیہ کی حفاظت کیلئے مقامی آبادی کا تعاون حاصل ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہے اس لئے حکومت نے بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر کے جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے ، اپنے ہدف کو پورا کرنے کیلئے پودوں کی نرسریاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔

بدھ کو اقوام متحدہ میں حیاتیاتی تنوع سے متعلق پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے حوالے سے بائیوڈائیورسٹی لیڈر ورچوئل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بائیوڈائیورسٹی لیڈر سمٹ کا اہتمام کرنے پر اقوام متحدہ سے اظہار تشکر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان خوش قسمت ممالک میں ہوتا ہے جو شمال سے جنوب اور مشرق سے مغرب تک متنوع ہے، پاکستان میں بارہ موسمیاتی زونز ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے پاس عمودی ڈھلوان موجود ہے، پاکستان کے شمال میں بلند ترین پہاڑی سلسلے واقع ہیں جبکہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو یہاں واقع ہے، اس کے علاوہ یہاں 2 ہزار کلومیٹر پر محیط ساحلی پٹی بھی موجود ہے، ہمارے پاس الپائن کلائمٹ زون اور گرم خطے بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری حکومت بائیوڈائیورسٹی کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے،نباتیہ و حیوانیہ کے تحفظ کیلئے مقامی آبادی کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ملکوں میں شامل ہے، پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے دس ممالک میں ہوتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کیلئے 10 ارب پودے لگائے جانے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹین بلین سونامی منصوبے کیلئے مقامی آبادی کی معاونت حاصل ہے، مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کر کے جنگلات کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے ہدف کو پورا کرنے کیلئے پودوں کی نرسریاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ملک میں قومی پارکس کی تعداد 30 سے بڑھا کر 39 کر دی ہے، دو سالہ دور حکومت میں 9 قومی پارکس کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فطرت کے تحفظ کرنے والے رہنمائوں کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔