نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ناردرن نے سنٹرل پنجاب کو 35 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی

ہفتہ 3 اکتوبر 2020 21:07

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ناردرن نے سنٹرل پنجاب کو 35 رنز سے شکست دے کر مسلسل ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2020ء) ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے کیساتویں میچ میں ناردرن نے موسیٰ خان اورحارث رؤف کی عمدہ باؤلنگ اور شاداب خان کی آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ 155 رنز کے تعاقب میں سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 18.1اوورز میں 120 رنز پر ہمت ہارگئی۔

چھوٹے ہدف کے باوجود ناردرن کی بہترین باؤلنگ لائن اپ کے سامنے سنٹرل پنجاب کے صرف 4 کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔اوپنر عابد علی 36 اور عبداللہ شفیق 20 رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔رضوان حسین اور سعد نسیم نے 14، 14 رنز بنائے۔ناردرن کے موسیٰ خان نے 23 جبکہ حارث رؤف نے 26 رنز دے کر 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

سہیل تنویر اور کپتان شاداب خان نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے کپتان سعد نسیم نے ٹاس جیت کر پہلیفیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ناردرن کے ٹاپ آرڈر نیقدرے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فاتح ٹیم کی ابتدائی 3 وکٹیں 40 رنز پر گریں تو کپتان شاداب خان، آصف علی اور روحیل نذیر نے رنز بنانے کی رفتار تیز کردی۔شاداب خان 17 گیندوں پر 30اور آصف علی 11 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔روحیل نذیر کی 8 گیندوں پر 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت دفاعی چمپئن نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

سنٹرل پنجاب کے عثمان قادر نے 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر ناردرن کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ مسلسل دوسرے میچ میں یہ ایوارڈ جیتنا ان کے لیے فخر کی بات ہے، خوشی ہے کہ دونوں میچوں میں ان کی انفرادی کارکردگی سے ٹیم کو کامیابی ملی۔ آلراؤنڈر نے کہا کہ دن بدن کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے اوروہ پرامید ہیں کہ ناردرن کی ٹیم اس سال اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔