مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا افتتاح

بدھ 7 اکتوبر 2020 13:54

مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا افتتاح
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2020ء) مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے مقدس مساجد میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور سینیٹائزنگ کے لیے سمارٹ روبوٹ کا افتتاح کیا ہے، سمارٹ روبوٹ بند مقامات پر وبا کے انسداد میں معاون ثابت ہوگا۔ سعودی خبررساں اداریکے مطابق اس موقع پر ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ جدید روبوٹ کے استعمال سے وبا اور بیماریوں کا سدباب ہوگا اور انھیں پھیلنے سے روکا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ کا بڑا نصب العین یہی ہے کہ زائرین کورونا وائرس سے محفوظ رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سمارٹ روبوٹ پیشگی انتباہ والے انتظام سے آراستہ ہے اور یہ بند مقامات کی سینیٹائزنگ کرے گا، کیمرے سے لیس روبوٹ بیٹری سے ریچارج کیے جانے کے بعد پانچ سے آٹھ گھنٹے انسانی مداخلت کے بغیر کام کرسکے گا۔ اس میں 23.8 لیٹر لیکوڈ رکھنے کی گنجائش ہے اور یہ ایک گھنٹے میں دو لیٹر دوا کا سپرے کرتا ہے اور ایک ہی بار 600 مربع میٹر کے بند حصے میں موجود بیکٹریا کا خاتمہ اور دس میٹر آگے تک کی رکاوٹوں کا پتہ لگا لیتا ہے۔