پشاور بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنے کا معاملہ، چینی کمپنی نے رپورٹ پیش کردی

کئی ہفتوں کی کوششوں کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم کر لی گئی، غیرمعمولی بیرونی حالات اور کم گنجائش کے کیپیسیٹر کے باعث آگ لگی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 14 اکتوبر 2020 19:06

پشاور بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنے کا معاملہ، چینی کمپنی نے رپورٹ پیش کردی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر2020ء) چینی کمپنی نے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) بسوں میں آگ لگنے کے واقعات کی رپورٹ خیبر پختونخوا حکومت کو پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق چینی کمپنی کی جانب سے پشاور بی آر ٹی میں آگ لگنے کی وجہ غیرمعمولی بیرونی حالات اور کم گنجائش کے کیپیسیٹر قرار دیے گئے ہیں ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ پر چینی کمپنی نے کہا ہے کہ تمام آلات کی تبدیلی اور آزمائشی بنیادوں پر بسیں چلا کر بی آر ٹی بس سروس 25 اکتوبر تک بحال کردی جائے گی۔

چینی کمپنی نے کہا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام بسوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ کرنٹ کی غیرمعمولی ترسیل کے باعث کیپیسٹر کی کارکردگی متاثرہوئی جس کے باعث ہونے والا شارٹ سرکٹ بسوں میں آگ لگنے کا باعث بنا۔

(جاری ہے)

ترجمان بی آر ٹی کے مطابق بس کمپنی نے ان تمام مسائل کا دیرپا حل تلاش کرلیا ہے، بسوں کے موٹر کنٹرولرز کو اپڈیٹ اور تبدیل کیا جارہا ہے۔

بی آر ٹی کی بسیں اور ان کے پرزہ جات وارنٹی کے ساتھ لیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ افتتاح کے دوسرے ہی روز پشاور بی آر ٹی کی بس خراب ہوگئی تھی۔ واضح رہے کہ 16 ستمبر کو بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کی بسوں میں آگ لگنے کے پے در پے واقعات کے باعث سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی تھی۔ دوسری جانب ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا ہے کہ چینی کمپنی بسوں میں پرزوں کی تبدیلی کے اضافی چارجز نہیں لے گی۔ بی آر ٹی منصوبے کے آغاز کو ایک ماہ کا عرصہ ہی گزرا تھا کہ بسوں میں آتشزدگی اور خرابی کے کئی واقعات سامنے آنے پر ٹرانس پشاور کی جانب سے بس سروس معطل کردی گئی تھی۔