اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں سیکولر ازم کی کوئی گنجائش نہیں، محمد اکرم رضوی

اسلام و پاکستان سے محبت کرنے والوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، عالمی قوتیں دینی و نظریاتی طاقت کو بکھیرنا چاہتی ہیں

جمعرات 15 اکتوبر 2020 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2020ء) انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی نے کہا ہے کہ اسلام و پاکستان سے محبت کرنے والوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ عالمی قوتیں دینی و نظریاتی طاقت کو بکھیرنا چاہتی ہیں۔ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں سیکولر ازم کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کا اسلامی تشخص امریکہ کو وارا نہیں کھاتا۔

غلامان رسول غلبہ اسلام کے لئے اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہو جائیں۔ آنے والا دور درود والوں کا ہے۔ صوفیاء کے پیروکار اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے فیصلہ کن جدوجہد کے لئے کمر بستہ ہو جائیں۔ نوجوان ہی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ سیکولر اور قادیانی لابی کی اسلام و پاکستان مخالف سازشیں ناکام بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان خیر میں ناظم ضلع لاہور دانش وڑائچ مصطفائی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں میاں عامر سہیل ،نعمان ملک ،رانا حارث ،محمد احمد اعجاز اور دیگر شامل تھے ۔ اے ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ حضور نبی کریم کی سیرت طیبہ ہدایت و راہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ رحمت عالم نے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا۔ پاکستان میں بیرونی مداخلت ختم ہونی چایئے۔ قوم صوفیاء کا طرز عمل اختیار کریں۔ سنجیدگی اور متانت کے ساتھ نظام مصطفی کیلئے جدوجہد تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔ نظام مصطفی کی حامی قوتیں متحد ہو کر ناقابل تسخیر طاقت بن سکتی ہیں۔