ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس

کوویڈ 19 وبائی امراض کے تحت پاکستان میں تعلیم کے نظام کی بہتری کے لئے 8.175 ارب روپے کے 02 میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی

بدھ 21 اکتوبر 2020 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے ملک میں تعلیم کی بہتری کیلئے 8آرب روپے سے زائد دو منصوبوں کی منظوری دیدی ہے ،منصوبے کا مقصد کوویڈ 19سمیت وبائی امراض سے نمٹنے سمیت ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت بدھ کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں کوویڈ 19 وبائی امراض کے تحت پاکستان میں تعلیم کے نظام کی بہتری کے لئے 8.175 ارب روپے کے 02 میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی گئی اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے تمام ممبران جبکہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں تعلیم سے متعلق دو منصوبے پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

جس میں پہلا منصوبہ "کوویڈ 19 رسپانس ایفکٹونس پروجیکٹ" کے لیے 4874.560 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی۔ یہ منصوبہ 24 ماہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں COVID-19 وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاری اور اس کا موثر جواب دینا ہے تاکہ اس کے اثرات کو دور کیا جاسکے جس کی وجہ سے بچے ، اساتذہ اور منتظمین طویل عرصے سے اسکول سے دور ہیں اس منصوبے کے تحت ٹی وی ، ریڈیو نشریات اور ورچوئل نیٹ ورک کے تحت دور دراز کے علاقوں تک تعلیمی سرگرمیاں پہنچائی جائیں گی مزید مستقبل میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تعلیمی نظام کی صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی مقصود ہے تعلیمی شعبہ کا دوسرا منصوبہ پاکستان کی جانب سے کوویڈ 19 کے دوران رسپانس ، ریکوری اور رسیلینس ان ایجوکیشن کے لیے 3300.63 ملین روپے کی لاگت مختص کی گئی جس کو اجلا س نے منظور کر لیا ، اس پروجیکٹ کی تکمیل کی مدت 20 ماہ ہوگی اور یہ پروجیکٹ COVID-9 وبائی مرض کے تحت مختصر اور درمیانی مدتی ردعمل اور بازیابی کی ضروریات کو پورا کرے گا ، جبکہ ایک مستحکم اور زیادہ لچکدار نظام تعلیم کی تعمیر کے لئے تکنیکی اور ادارہ جاتی صلاحیت کو قائم کرنے کے ساتھ ، تمام صوبوں خصوصاً پسماندہ علاقوں میں تعلیم کی سہولیات کے حوالے سے کام کرے گا۔

۔۔۔۔۔۔اعجاز خان