پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ

پولیس اہلکار بلیک میلنگ کے الزام پر گرفتار کیے گئے اے ایس آئی کو چھڑوا کر لے گئے، شہری کی شکایت پر سائبر کرائم ونگ نے کاروائی کی تھی

muhammad ali محمد علی جمعہ 23 اکتوبر 2020 00:33

پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2020ء) پنجاب پولیس کے اہلکاروں کا ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار بلیک میلنگ کے الزام پر گرفتار کیے گئے اے ایس آئی کو چھڑوا کر لے گئے، شہری کو بلیک میل کرنے پر سائبر کرائم ونگ نے اے ایس آئی کو گرفتار کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ایک شہری کی شکایت موصول ہوئی تھی، کہ ایک پولیس اے ایس آئی اسے بلیک میل کر رہا ہے۔ بعد ازاں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے پولیس اے ایس آئی کو گرفتار کر لیا۔ اے ایس آئی کی گرفتاری پر اس کے ساتھی پولیس اہلکاروں نے ایف آئی اے کی ٹیم پر حملہ کیا، باوردی پولیس اہلکاروں نے ایف آئی اے ٹیم پر دھاوا بول کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ملزم اے ایس آئی کو فرار کروا دیا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد ایف ائی ائے کی درخواست پر سب انسپکٹر سمیت 8 پولیس اہلکاروں کیخلاف تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فیصل آباد پولیس کا بتانا ہے کہ اس واقعے میں ملوث 2 اہلکاروں کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم پر حملہ کرنے اور ملزم کو فرار کروانے کے واقعے میں ملوث اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے محکمانہ انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔