آپ اطمینان سے مریں،آپ کو عزت سے دفنائیں گے

کفن دفن سے لے کر قبراور رسومات تک ادا کرنے والی کمپنی کا اعلان

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 23 اکتوبر 2020 06:09

آپ اطمینان سے مریں،آپ کو عزت سے دفنائیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اکتوبر2020ء) جب کسی کے قریبی رشتہ دار دنیا سے رخصت ہو جائیں تو لواحقین کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کے کفن دفن کاکچھ انتظام کیا جائے اور جس حد تک ممکن ہو جنازے کو ادب و احترام کے ساتھ آخری آرام گاہ تک پہنچایا جائے۔لیکن اب مصر میں ایک ایسی کمپنی بھی قائم ہو گئی ہے جو انتقال کرنے والے لوگوں کی آخری رسومات کے انتظامات کرنے کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

مصری کمپنی معاوضے کے عوض متوفی کے کفن سے لیکر قبر کی کھدائی اور تدفین کے علاوہ اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے اور تعزیتی تقریبات کا انعقاد کرنے کی خدمات انجام دے رہی ہے۔مصر کے چند لوگوں کی جانب سے قائم کی گئی کمپنی ’سوکنا‘ کا سلوگن ہے”آپ نے زندگی میں ان کی عزت و احترام کیا اور ہم ان کے مرنے کے بعد ان کا اکرام کر رہے ہیں“۔

(جاری ہے)

کمپنی کے شریک بانی احمد جاب اللہ نے بتایا کہ انہیں جنازوں کے انتظامات کے لیے کمپنی بنانے کا خیال 2005 میں اس وقت آیا جب ایک دوست کے والد انتقال کر گئے اور فوتیدگی کے بعد انہیں اور ان کے خاندان کو میت کو غسل دینے اور دیگر امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

احمد جاب اللہ کا مزید کہنا تھاکہ انہوں اپنے چند دوستوں کے ساتھ مل کر یہ کمپنی قائم کی، اورپیشہ وارانہ بنیادوںپر میتوں کی آخری رسومات کے انتظامات سنبھالے۔ان کا کہنا تھا ہم جنازوں کو غسل دینے اور کفن دفن کے علاوہ فوت ہونے والے شخص کے ایصال ثواب کے لیے دیے جانے والے صدقات و خیرات کو مستحق لوگوں تک پہنچانے کی ذمہ داری بھی انجام دیتے ہیں۔

مصری کمپنی کے شریک بانی نے بتایا کہ ان کی کمپنی اب تک 340 مُردوں کی تدفین کے انتظامات میں ان کے لواحقین کی مدد کر چکی ہے اور مصر کے 10 مختلف اسپتالوں سے ان کے معاہدے بھی ہو چکے ہیں۔کفن دفن سے متعلق بنی اس کمپنی کے حوالے سے عوام کا ردعمل بھی ملا جلا ہے۔مگر کافی حد تک لوگ ان سے رابطہ کر رہے ہیں خاص طور پر لاوارث لاشوں کو دفنانے کے لیے چیرٹی والے ادارے یا پھر مخیر حضرات انہی سے مدد لیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :