صدرزرداری کا ارومچی کے اربن آپریشنز اینڈ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ ، ارومچی کے میئر اور سنکیانگ کے نائب گورنر کا استقبال

جمعرات 18 ستمبر 2025 18:32

صدرزرداری کا ارومچی کے اربن آپریشنز اینڈ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ ، ارومچی ..
ارومچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے شہر ارومچی کے اربن آپریشنز اینڈ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا جہاں ارومچی کے میئر اور سنکیانگ کے نائب گورنر نے ان کا استقبال کیا۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اور ان کے وفد کو بتایا گیا کہ سینٹر 30 سے زائد محکموں کو ڈیجیٹلی ملا کر شہریوں کو 200 سے زیادہ خدمات فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

مرکز عوامی خدمات کے لیے ون ونڈو ہب کے طور پر کام کرتا ہے، اس کے علاوہ سینٹر عوامی صحت، تعلیم، روڈ سیفٹی، یوٹیلٹیز اور ایمرجنسی رسپانس میں ہم آہنگی فراہم کرتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور منصوبہ سازوں کے وڑن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انتظام کے حوالے سے اس طرح کا نقطہ نظر پاکستان کے لیے قابل قدر سبق فراہم کرتا ہے، صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے شہری منصوبہ ساز اس تجربے سے سیکھیں گے اور مقامی ضروریات کے مطابق نظام تیار کریں گے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، چین میں پاکستان کے سفیر اور چین کے پاکستان مین سفیر بھی موجود تھے۔