سعودی عرب میں انوکھے ڈیزائن والی عمارت کی تعمیر پوری دُنیا میں بحث کا موضوع بن گئی

لوگ حیران ہیں کہ اس طرح کی خطرناک عمارت کی تعمیر کی اجازت کیسے دے دی گئی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 اکتوبر 2020 07:37

سعودی عرب میں انوکھے ڈیزائن والی عمارت کی تعمیر پوری دُنیا میں بحث ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 اکتوبر2020ء) دُنیا بھر میں عجیب و غریب ڈیزائن والی عمارتیں بنائی جاتی ہیں، تاہم ان عمارتوں کے ڈیزائن میں ان کی مضبوطی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے تاکہ اس میں مقیم افرادکی زندگیوں کو کسی طرح کا خطرہ لاحق نہ ہو اور عمارت کے گرنے کا اندیشہ نہ رہے۔ مگر سعودی عرب میں اپنی طرز کی ایک ایسی انوکھی زیر تعمیر عمارت سامنے آ رہی ہے جس پر نہ صرف سعودی عوام حیران ہیں بلکہ دُنیا بھر کے سوشل میڈیا بھی اس عمارت کے عجیب و غریب ڈیزائن پر تبصرے کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جازان کی ابو عریش کمشنری میں زیر تعمیرعمارت کاڈیزائن انتہائی انوکھا اور خطرناک ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ پوچھ رہے ہیں کہ آخر اس طرح کے عجیب و غریب ڈیزائن کی عمارت کی منظوری کی اجازت کس نے دی ہے
۔

(جاری ہے)

یہ معاملہ جب سعودی حکام کے سامنے آیا تو انہوں نے بھی نوٹس لیتے ہوئے ابوعریش میں واقع اس متنازع عمارت کی تعمیر رکوا دی گئی ہے جو ایک فلاحی انجمن ’البر‘ کے پلاٹ پر تعمیر کروائی جارہی تھی۔

ابوعریش میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے اس ڈیزائن کی منظوری نہیں دی گئی تھی بلکہ فلاحی تنظیم کی جانب سے عمارت کی تعمیر منظور شدہ ڈیزائن سے ہٹ کی کر جا رہی تھی۔عمارت کا ایک حصہ منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق نہیں ہے۔ تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزی کے باعث اس کی تعمیر کا کام رکوا دیا گیا ہے۔ دوسری جانب انجمن کے چیئرمین محمود الاقصم نے بتایا کہ یہ پلاٹ بہت چھوٹا تھا تاہم انجمن کے ہیڈ آفس کے قریب ہونے کی وجہ سے اس کی بہت اہمیت تھی۔ اسے انجمن کے رضاکاروں کے لیے ٹریننگ سنٹر کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ صرف اس عمارت کے ڈیزائن کا مغربی حصہ ایک طرف زیادہ بڑھ گیا ہے، جسے ٹھیک کر دیا جائے گا۔